• news

مطالبات کے حق میں لاہور سمیت کئی شہروں میں کسانوں کے مظاہرے، دھرنے، ریلیاں

لاہور (نیوز رپورٹر+نامہ نگاران)کسان بورڈ پنجاب کی اپیل پر حکومت کی کسان دشمن زرعی پالیسیوں کے خلاف اور بجٹ میں تجاویز منوانے کیلیے کے ’’کسان راج تحریک‘‘ کے تحت کاشتکاروں نے لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے، دھرنے دیے اور ریلیاں نکالیں شرکا نے حکومت کی ناکام زرعی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ لاہور پریس کلب کے باہر کسان راج تحریک کے چیف کوارڈینیٹر ارسلان خان خاکوانی کی قیادت میں کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا روڈ بلاک کر کے زبردست نعرے بازی کی لاہو رکے کسان رہنمائوں چودھری منظور گجر‘ میاں عبدالرشید اور دیگر مقررین نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو بلاسود قرضے دیے جائیں، دل کھول کر سبسڈی دی جائے، جی ایس ٹی ختم کیا جائے ،زرعی مداخل سستے کیے جائیں ان رہنمائوں نے کہا کہ آج پنجاب بھر کے کسانوں نے پر امن احتجاجی مظاہروں سے یہ بات ثابت کردی ہے کہ وہ صرف اور صرف اپنے جائز حقوق کیلیے جدو جہد کر رہے ہیںاور ان کا مقصد ملکی املاک کو نقصان پہنچانا نہیں اور نہ ہی وہ کسی کے آلہ کار ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو کسان 4 اکتوبرکو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ 12 جون کو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنی بجٹ تجاویز اسمبلی ممبران کو پیش کریں گے۔ قصور، شیخوپورہ، ننکانہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، منڈی بہائوالدین، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، منچن آباد، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، لیہ، چکوال، جہلم، اٹک میں بھی جلسے جلوس کئے گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کسان بورڈ کے زیر اہتمام ریلی ضلعی دفتر سے ڈی سی او آفس تک نکالی گئی قیادت کسان بورڈ گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر امان اللہ چٹھہ نے کی۔ اس موقع پر امان اللہ چٹھہ، ملک شوکت جہانگیر گوندل اور نذیر چدھڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاول کے بحران کی وجہ سے پنجاب، سندھ کی زرعی معیشت تباہ ہو چکی ہے لیکن حکومت مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھان اور چاول کی امدادی قیمت پر خریداری کی ضمانت دی جائے۔ بلاسود زرعی قرضہ دیا جائے ٹیوب ویل پر فلیٹ ریٹ بحال کیا جائے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں بھی ضلع کونسل چوک سے ڈی سی اوآفس تک کسان راج ریلی نکالی گئی جس میں کاشتکاروںکی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ کاشتکاروں نے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکومت کی ناقص پالیسیوںکے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میانوالی اور چنیوٹ میں کسانوں نے مطالبات عے حق میں مظاہرے کرکے ڈی سی او آفس کے باہر دھرنے دیے ریلیاں نکایں اور حکومت سے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن