’’حکومت ایف بی آر کو لیدر ایکسپورٹرز کے گوداموں پر چھاپے مارنے سے روکے‘‘

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر زور دیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انٹیلی جنس اور اینٹی سمگلنگ یونٹس کو آرٹیفیشل لیدر امپورٹرز کے گوداموں اور دکانوں پر چھاپے مارنے اور بلیک میلنگ کے ذریعے ہراساں کرنے سے روکا جائے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول بْری طرح خراب ہورہا ہے۔ آرٹیفیشل لیدر امپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر شاہد لطیف ، فہیم الرحمن سہگل کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ انٹیلی جنس اور اینٹی سمگلنگ یونٹس کا کام غیر قانونی کاموں کی روک تھام کرنا ہے مگر اس کے برعکس یہ دونوں یونٹس ایماندار تاجروں کو پریشان کرنے میں مصروف ہیں۔ آرٹیفیشل لیدر کے امپورٹرز تمام درآمدات قانونی تقاضوں کے عین مطابق کرتے ہیں اور ان کے پاس تمام دستاویزات بھی پوری ہوتی ہیں مگر ایف بی آر کے انٹیلی جنس اہلکار اور اینٹی سمگلنگ کا عملہ جگہ جگہ مال روک کر، گوداموں اور مارکیٹوں میں چھاپے مار کر ایماندار امپورٹرز کو بلیک میل کرتا ہے ۔ آرٹیفیشل لیدر گلوز، جیکٹ، فٹبال سمیت ایکسپورٹ ہونے والی دیگر مصنوعات میں بطور خام مال استعمال ہوتا ہے، انٹیلی جنس اور اینٹی سمگلنگ یونٹس کی وجہ سے اکثر اوقات ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کو یہ خام مال بروقت نہیں مل پاتا اور کنسائمنٹس میں بلاوجہ تاخیر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی وزیر خزانہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت کے باوجود بیوروکریسی کاروباری افراد کو ہراساں کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن