ٹیکسز اور ڈیوٹی کی آن لائن ادائیگی کیلئے اسٹیٹ بینک ، ایف بی آر ، ون لنک کا معاہدہ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان ‘ ایف بی آر اورون لنک کے درمیان اسلام آباد میں ایک معاہدہ کیا گیا جس کے تحت عوام انٹرنیٹ بینکاری یا اے ٹی ایم کے ذریعے ایف بی آرکے ٹیکس اورکسٹم ڈیوٹی ادا کرسکیں گے۔ دستخط کی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے محصولات ہمایوں اختر خان بھی اس موقع پرموجود تھے۔ یہ سہولت 24گھنٹے‘ ہفتے کے سات دن دستیاب ہوگی۔ مجوزہ میکنزم کے مطابق بینک ایف بی آر (ان لینڈ ریونیو) اورایف بی آر (کسٹمز) کو بلرز ماڈیولمیں بلرز کے طورپر شامل کریں گے اورون لنک سے ضروری انٹرفیس تیارکریں گے۔ سسٹم کو آپریشنل بنانے کے بعد ادائیگی کی رسید نکالنے کیلئے ٹیکس دہندگان/درآمدکنندگان کو ایف بی آر (آئی آر ایس)اورکسٹم (WeBOC) میں اپنے ٹیکس اورکسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ پی ایس آئی ڈی بینک کے ویب صفحہ یا اے ٹی ایم پر ٹیکس /ڈیوٹی ادائیگی کی تفصیلات تک رسائی کیلئے استعمال کرسکیں گے۔ ٹیکس دہندگان یا ان کے ایجنٹ ایس بی پی بی ایس سی میں متعلقہ حکومتی اکاﺅنس میں کریڈٹ کیلئے اپنے بینک کھاتوں سے ٹیکس کی ادائیگی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن