لاہور(کامرس ڈیسک)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے و زیر اعظم پاکستان کی ایف بی آر کو بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے ٹیکس ریٹرن فارم کوسادہ اور آسان بنانے کی ہدایات کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں داخل ہوں گے ،ٹیکس اصلاحات سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔ قائم مقام چیئرمین پیاف تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین پیاف خواجہ شاہزیب اکرم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پہلے سے ٹیکس نیٹ میں موجود کاروباری افراد پر مزید ٹیکس لگانے کی پالیسی کسی طرح بھی مناسب نہیں۔حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرے تاکہ نئے لوگوں کو ٹیکس دائرے میں لایا جائے اور موجودہ ٹیکس دہندگان کے بوجھ میں کمی کی جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہو اور نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں داخل ہو سکیں۔ اس وقت آبادی کا تین فیصد حصہ موجودہ سیلز ٹیکس کی شرح میں حصہ ڈال رہا ہے جو کہ قطعاً ناکافی ہے ۔