لاہور(نیوزرپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کے سیکشن 38بی کا غلط استعمال روکے کیونکہ اس کی وجہ سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر ناصر حمید خان نے برانڈرت روڈ کے چالیس رکنی وفد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی راکین طاہر منظور چودھری، ذیشان خلیل، اویس سعید پراچہ، سید مختار علی، معظم رشید، میاں محمد نواز، شیخ محمد ابراہیم، سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین رحمت اللہ جاوید، خواجہ خاور رشید اور رضوان اختر شمسی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس حکام کو خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے سے روکے۔ انہوں نے کہا لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے شکایت کی ہے کہ ٹیکس اہلکار کاروباری مامات پر بغیر کسی پیشگی اطلاع یا نوٹس کے داخل ہوجاتے ہیں جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابدیدی اختیارات کا غلط استعمال اور کاروباری مقامات پر چھاپوں سے تاجر پریشان ہورہے ہیں ، نجی شعبہ معاشی بحالی کے عمل میں حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اسے ریلیف دیا جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے ٹریفک جام، تجاوزات، پارکنگ پلازوں کی تعمیر اور ڈرین سسٹم کی فوری بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔