حکومت انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں ہڑتال کا نوٹس لے: لاہور چیمبرز آف کامرس

 لاہور( این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں ہڑتال کا نوٹس لے کیونکہ اس کی وجہ سے کاروباری برادری کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ٹیکس دفاتر میں ہڑتال سے کاروباری سرگرمیوں ، ٹیکس وصولی کا عمل اور ریفنڈ کا عمل تعطل کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ استثنیٰ کے سرٹیفیکیٹ جاری نہ ہونے سے کاروباری برادری سخت مشکلات سے دوچار ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ معاملہ افہام تفہیم سے سلجھانے کے لیے کردار ادا کرے تاکہ ٹیکس دفاتر میں دوبارہ کام شروع ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے تاکہ نوبت ہڑتالوں تک نہ پہنچے کیونکہ اس سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو منفی پیغام ملتا ہے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے گریز کرتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن