اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سمگل شدہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق اسکیم میں مزید توسیع پر غور شروع کر دیا۔ حتمی منظوری نگران وزیراعظم دیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سمگل شدہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق ایمنسٹی سکیم مارچ کے اوائل میں شروع کی گئی تھی۔ 31مارچ کو مدت ختم ہونے پر اس میں 6 اپریل تک مزید توسیع کی گئی ۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ملک بھر میں کسٹمز دفاتر کے باہر اب بھی گاڑیوں کی لائنیں لگی ہیں۔ کوئٹہ میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان کی طرف سے رجسٹریشن نہ کیے جانے پر مظاہرے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس لیے اس سکیم میں توسیع کی جا سکتی ہے۔ ایف بی آر کو ایمنسٹی اسکیم سے اب تک 10 ارب روپے سے زیادہ کی آمدن حاصل ہو چکی ہے۔