لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے سیکشن 38بی کے تحت ٹیکس عملے کو حاصل صوابدیدی اختیارات اور بینکوں سے اپنی ہی رقوم نکلوانے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے مسائل پر کوئی پیش رفت نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہا کرتے ہوئے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر یہ مسائل فی الفور حل نہ ہوئے تو صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ ملک کی معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجروں کو عزت و احترام اور تحفظ کا احساس دئیے بغیر ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکشن 38-Bکے تحت ٹیکس اہلکاروں کے بے پناہ صوابدیدی اختیارات اور بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے تاجر شدید پریشان ہیں، وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ کو ان معاملات کا فوری نوٹس لینا چاہیے،برآمدات زوال پذیراور تجارتی خسارہ پہلے ہی آسمان کو چھو رہا ہے، اگر تاجروں کے یہ مسائل حل نہ ہوئے تو معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی۔