لاہور (کامرس رپورٹر) برآمدات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں مجوزہ3 فیصد اضافے کے خلاف پانچ زیروریٹڈ سیکٹر کے نمائندوں نے صنعتیں بند کرکے ملک گیر ہڑتال کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔ اس امر کا اظہار پاکستان ایپریل فورم کراچی کے چیئرمین جواد بلوانی، سلیم پرکھ، عثمان جواد، محمد نصیر ملک‘ عثمان غنی، بلال امین اور ندیم عبداللہ نے مقامی ہوٹل میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں برآمدات پر دو فیصد سیلز ٹیکس عائد کیے جانے کے فیصلے کی خواجہ آصف ، خرم دستگیر ، ایاز صادق نے مخالفت کرتے ہوئے ایکسپورٹرز کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی اور ایکسپوٹرز کو عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم حکومت میں آنے کے بعد وہ اپنے وعدے سے انحراف کر رہے ہیں۔