لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سیلز ٹیکس واجبات جمع کرانے کی مدت پندرہ دن سے دس دن کرنے اور سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانے میں چار سو فیصد اضافہ کرنے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے یہ اقدامات تاجر نہ صرف ٹیکس دہندگان کی شدید حوصلہ شکنی کریں گے بلکہ نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے گریز کریں گے جس سے حکومت کی معاشی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بْری طرح دھچکا لگے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ حال ہی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس واجبات کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانے میں چار سو فیصد اضافہ کردیا ہے جبکہ سیلز ٹیکس واجبات جمع کرانے کی مدت بھی پندرہ دن سے کم کرکے دس دن کردی ہے جو سراسر ناانصافی ہے ، اس سے پہلے ہی سے پریشان ٹیکس دہندگان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے کوششیں کررہی ہے لیکن بیوروکریسی تاجر برادری کو ہراساں کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی بجلی و گیس کی قلت کی وجہ سے شدید پریشان ہے جس کے پیش نظر اسے ریلیف کی ضرورت ہے مگر افسر شاہی اس کے اُلٹ اقدامات اٹھا رہی ہے۔