لاہور (پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے کے دعویداروں نے عوام کے سانس لینے پر بھی ٹیکس نافذ کر دیا۔ حکمران چھینک آنے پر بھی علاج کے لئے سرکاری خرچ پر بیرون ملک روانہ ہو جاتے ہیں جبکہ عوام کے لئے صحت کی مد میں فی کس 60 روپے مختص کئے گئے ہیں۔ میٹرو بس سے سفر کرنے والے مسافروں کے نام پر اربوں روپے کی سبسڈی درحقیقت حکمرانوں کی جیبوں میں جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھی مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کو کسی طرح کا ریلیف دینے کی بجائے وفاق کی تقلید کرتے ہوئے خود کش بجٹ پیش کیا۔ ہر سال کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی 20 ارب روپے کی خطیر رقم بلاک ایلوکیشن کے نام پر وزیراعلیٰ کی صوابدید پر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی مشہوری کے لئے 400 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تو تجویز کر دیا ۔