حکومت کسانوں سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے: وسیم اختر

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا کہ حکومت کسانوں سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے، شوگر ملزکسانوں کو گنے کا معاوضہ کی ادائیگی کو یقینی بنائےں، وفاقی اور صوبائی حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ بھی نہیں کیا چھوٹے کاشت کار زرعی ادویات،کھاد،بیج کے ریٹ میں اضافہ سے بدحال زندگی گزار رہے ہیں رہی سہی کسرلوڈ شیڈنگ نے پوری کردی ہے، کسانوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگر ملز کے باہر گنے سے لدی ٹرالیوں کی لمبی قطاریں انتظامیہ کی بے حسی کو ظاہر کرتی ہےں اور گنے کے معاوضہ کی ادائیگی میں تاخیر ی حربے استعمال کررہی ہےں، لہذا ضروری ہے کہ کسانوں کو گنے کی ادائیگی فوری کردی جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاشت کاروں کو کپاس کا تصدیق شدہ بیج فراہم کیا جائے۔ اور حکومت ششماہی انہار کو بند نہ کرے۔ نہروں کی بندش سے کسانوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگا۔ کیونکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ٹیوب ویل بند پڑے ہیں اور ڈیزل کی گرانی کی وجہ سے چھوٹے کسان کی قوت خرید سے باہر ہے۔ حکومت کسانوں کو ریلیف دےنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں الیکشن کمشنر ضیاءاللہ کا قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے کوئٹہ کے حالات گورنر راج بھی قابو نہ کرسکا پانچ سالہ دور زرداری میں کرپشن ،لوٹ مار ، اغوا برائے تاوان ،دہشت گردی اور جلاﺅ گھیراﺅ میں اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن