لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کو سفارش کی ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے اور درآمد کی جانے والی گندم پر امپورٹ ٹیکس/ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی کمی کی جائے۔وزیراعلی پنجاب نے گندم کی ریلیزاورقیمتوں کے تعین کے لئے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس کے ممبران میں وزیر خوراک پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری قانون، سیکرٹری خوراک شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے وزیراعلی پنجاب کو سفارش کی ہے کہ محدود تعداد میں 5لاکھ میٹرک ٹن گندم پرائیویٹ سیکٹر کو درآمد کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی ترسیل میں کمی نہ ہو اور آٹے کی قیمتیں مستحکم رہیں۔بلال یاسین نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ نے زیادہ گندم نہیں خریدی تھی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پنجاب سے دوسرے صوبوں کو آٹے کی ترسیل میں کسی قسم کی پابندی عائد نہ کی جائے۔ پنجاب حکومت کے پاس اس وقت 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں اور گندم کی درآمد کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے تاکہ اسٹریٹجک ذخائر کو یقینی بنایا جاسکے۔