اسلام آباد(ثناء نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کا الیکٹرانیک اسکروٹنی سسٹم (ای ایس ایس)تیار کرنے کے لیے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) سے مدد مانگ لی ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس بچانے کے لیے آمدنی چھپانے والوں کا سراغ لگانے کے لیے اور کم ٹیکس دینے والوں کا پتا چلانے کے لیے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں چیف آئی آر آٹومیشن اینڈ سیلز ٹیکس کی سربراہی میں تجویز کردہ خصوصی ریسرچ اینڈ اینالسز سیل میں تعیناتی کے لیے 6افسران کے نام تجویز کردیئے ہیں۔دستاویز میں بتایا گیاکہ ایف بی آر کے چیف آٹومیشن کی طرف سے ممبر ایڈمن کو بھجوائی جانے والی فہرست میں تجویز دی گئی ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایم آئی ایس آر ٹی او اسلام آباد عاصم ادریس،آئی آر اے او ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو اسلام آباد خالد احمد خان،آئی آر اے او ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد عنصر مجید،آڈیٹر ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو اسلام آباد حارث اقبال،رضوان الرحمن اور آڈیٹر آر ٹی او اسلام آباد سعید الرحمن کو خصوصی ریسرچ اینڈ اینالسز سیل میں تعینات کیا جائے۔اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی و چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ(پرال) سے بھی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں انہیں کہا جائے گا کہ ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کا الیکٹرانیکلی اسکروٹنی سسٹم (ای ایس ایس) تیار کرنے کے لیے ڈیویلپمنٹ ٹیم فراہم کی جائے۔