لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کو بجٹ تجاویز بھیج دی ہیں جس میں انڈسٹری کو درپیش مشکلات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے ۔چیئرمین اے پی سی ایم اے محمد علی ٹبا نے بجٹ سفارشات میں اجاگر کیا کہ سیمنٹ پر 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس ریٹیل قیمت پر عائد ہے یہ ٹیکسز ایک بیگ کی کُل قیمت کا تقریباً 95 روپے فی سیمنٹ بیگ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح سیمنٹ انڈسٹری میں استعمال ہونے والے کوئلے پر فنانس ایکٹ 2014ء کے تحت ایک فیصد امپورٹ ڈیوٹی عائد ہے جبکہ اس سے قبل اس پر کوئی ڈیوٹی عائد نہیں تھی ۔ اس ڈیوٹی کو بھی واپس لیا جائے۔ چیئرمین اے پی سی ایم اے نے مزید کہا کہ پاکستان میں عائد سیلز ٹیکس دنیا میں سب سے زیادہ ہیں اس لیے سیلز ٹیکس کو کم کرکے 12.5 فیصد پر لایا جائے تاکہ پاکستان میں کاروباری لاگت میں ہونے والے اضافے کو کم کیا جاسکے۔ اس ضمن میں مرحلہ وار اس میں مزید کمی کرکے اس کو آئندہ تین برسوں میں 10 فیصد تک لایا جائے۔