لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے ممبران کے لیے آئی ٹی ٹریننگ کورس شروع کردیا ہے جس کا مقصد انہیں کمپیوٹر کے جدید علوم سے متعارف کرواکے اُن میں بین الاقوامی برادری سے باآسانی روابط قائم کرنے کی صلاحیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے آئی ٹی ٹریننگ کورس کے گیارہویں بیچ کا افتتاح لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کیا جبکہ آئی ٹی ماہر قمر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے یہ کورس تاجروں کی ضروریات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورس میں بیسک آئی ٹی اور نیٹ ورکنگ کو شامل کیا گیا ہے۔