لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین جاوید نے کہا کہ ریفنڈ کیسز 15 جولائی تک جاری کردیئے جائیں گے۔ ٹیکس پالیسیوں میں خامیاں دور، غیر ضروری ٹیکس استثنیٰ ختم، نیشنل ڈیٹا ویئر ہاﺅس قائم کریں گے۔ ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے ٹیکس ہاﺅس لاہور میں نیشنل بینک کی برانچ قائم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ”پری بجٹ سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ ضیاءحیدر رضوی، صدر پاکستان ٹیکس بار ذوالفقار علی خان، صد رلاہور ٹیکس بار قاری حبیب الرحمن زبیری، جنرل سیکرٹری علی حسن رانا، سابق صدر زاہد عتیق چودھری، عامر یونس، شہباز صدیق، عبدالوحید، نعمان یحییٰ، چودھری صادق، اجمل خان، محمد اویس، محمد شاہد بیگ و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ امپورٹ ڈیوٹی کے بارے میں جاری شدہ مبہم ایس آر اوز واپس لے کر واضح پالیسی بنائی جائے، سیلز ٹیکس کی شرح 15 فیصد کرنے اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ءکے سیشن 148 کے تحت مینوفیکچررز کم امپورٹرز کے لئے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کا حصول آسان بنایا جائے۔ ٹیکس افسران ”وائسرائے“ نہیں عوام کے خادم ہیں، ان کا قبلہ درست کیا جائے۔