کراچی (کامرس رپورٹر) کمپیوٹرز کے مقامی مینوفیکچررز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیروزگاری کم کرنے اور زرمبادلہ بچانے کے لیے کم از کم پانچ سال کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ دے اور میڈ ان پاکستان کمپیوٹرز کو ترجیح دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے جو پاکستان میں اس وقت جنوبی ایشیا میں سب سے کم صرف تین فیصد ہے۔ مقامی اسمبلرز کو سہولیات دینے کے لیے پروڈکٹ کی لائف سائیکل کے دوران درآمد کرنے سے لے کر فروخت کرنے تک رامیٹریل اور ان پٹس تمام مراحل کو ٹیکس ختم کر دیا جائے کیونکہ آئی ٹی مصنوعات کا پوری انڈسٹری پر اثر پڑتا ہے۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انٹیل کے بورڈ آف ایڈوائزر برائے ایشیا پیسفک و جاپان اور سینئر وائس چیئرمین ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و بزنس پروسیس خوشنود آفتاب نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ را میٹریل ڈسٹری بیوٹرز جو مائیکرو پروسیسرز، چپ سیٹ ملک میں لاتے ہیں اور مقامی اسمبلرز جو ان حصوں کی مینوفیکچرنگ کرتے ہیں، انہیں رامیٹریل میں سہولیات دی جائیں۔