لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سی این جی سیکٹر پر دباﺅ ختم کرنے کے لیے ہائبرڈ کاروں کی درآمد پر ٹیکس کم کرے جس سے گیس کے بحران پر قابو پانے اور آئل امپورٹ بل میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو مقامی سطح پر ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے اسمبلرز کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ تیل کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل کو کم کرکے قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نان ہائبرڈ گاڑیوں کی نسبت ہائبرڈ گاڑیوں سے فیول کی کم از کم چالیس فیصد بچت ہوتی ہے۔