;ایف بی آر نے رواں مالی سال کے ریونیو ہدف میں کمی کر دی

اسلام آباد (عترت جعفری) ایف بی آر نے رواں مالی سال کے لئے 3604 ارب روپے کے ریونیو ہدف کو حاصل کرنے میں ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے اور ذرائع تصدیق کرتے ہیں کہ سالانہ ہدف 3604 ارب میں 74 ارب روپے کی کمی کر کے نیا ہدف 3520 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم اس کے حصول کے امکانات بھی ایف بی آر کی اب تک کی کارروائی کے پیش نظر ممکن نہیں۔ تاہم توقع ہے کہ 30 جون تک 3000 ارب روپے حاصل ہو جائیں گے۔ ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جولائی تا اپریل کے عرصہ میں ایف بی آر نے 2025 سے 2530 ارب روپے تک ریونیو جمع کیا ہے۔ مئی اور جون میں 3604 ارب روپے حاصل کرنے کے لئے 1074 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔ تاہم یہ ممکن نہیں ہے اس طرح غیراعلانیہ طور پر ہدف کو گھٹا کر 3520 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ 3520 ارب روپے کا ریونیو حاصل کرنے کے لئے 990 ارب کی ضرورت ہو گی۔ جو مئی اور جون میں پورا کرنا پڑے گا۔ آئندہ مالی سال کے لئے قریباً 3500 ارب روپے کی بنیاد کو استعمال میں لایا جائے گا۔ افراط زر اور گروتھ ریٹ کے اہداف کے پیش نظر آئندہ مالی سال کا ہدف 4025 ارب روپے سے کچھ زائد مقرر ہو سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن