لاہور (نیوز رپورٹر) کسان بورڈکے سیکرٹری جنرل ملک محمد رمضان روہاڑی نے کسان بورڈ پاکستان کے سینئیر نائب صدر جام حضور بخش کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے گندم کے کاشتکاروںکے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کر تے کہا کہ راجن پور،ڈیرہ غازی خاں،رحیم یارخاں اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں گندم کی نئی فصل منڈی میں آچکی ہے اور پچاس فی صد کرش ہوچکی ہے مگر تاحال وہاں حکومت پنجاب نے گندم خریداری کیلیے باردانہ کی ترسیل شروع نہیں کی ۔ہزاروں من گندم کھیتوں کھلیانوں میں کھلے آسمان تلے پڑی تباہ ہو رہی ہے۔گندم کی سرکاری قیمت خرید 1300 روپے من مقرر کی گئی ہے مگر مجبور کسانوں سے گندم 1000 سے 1150 روپے فی من خرید کر سرمایہ دار فلور مل مالکان اور آڑھتی اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔