لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کاروبار دشمن پالیسوں، مارکیٹوں میں چھاپوں، صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال اور ایف بی آر کی جانب سے بینک اکاﺅنٹس سے ازخود رقوم نکلوانے کے خلاف سینکڑوں تاجروں نے لاہور چیمبر کے زیرانتظام شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر امجد علی جاوا، نائب صدر ناصر حمید خان، سابق صدور میاں انجم نثار، میاں شفقت علی، سابق سینئر نائب صدر ملک طاہر جاوید، ذیشان خلیل، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین، تاجر رہنما خالد پرویز، اشرف بھٹی محبوب سرکی، سمیت شہر بھر کے تاجروں اور صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ 38-Bجیسے کالے قوانین فوراً واپس لیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلادیا جائے گا۔ احتجاج کے شرکاءنے کالی پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں جبکہ ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی، تاجروں نے اعلان کیا کہ لاہور چیمبر کی کال پر تاجر کاروبار بند کرکے پ±رامن مگر شدید احتجاج کریں گے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید خان کے زیرصدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں شرکاءنے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تاجروں کے استحصال، بدتمیزی، مارکیٹوں میں بلاوجہ چھاپوں، تاجروں کے اکاﺅنٹس پر ڈاکے کا سلسلہ ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں مگر بیوروکریسی اسے شدید نقصان پہنچانے پر تلی ہوئی ہے ۔