کراچی (این این آئی) ایف بی آر نے دبئی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں پاکستانیوں کی بھاری سرمایہ کاری سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے اماراتی حکومت سے مدد حاصل کرنے پر غور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا ماننا ہے کہ یو اے ای کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ کے بڑے پلیئرز پاکستانی ہیں۔ ایف بی آرٹیکس چوری میں ملوث ان افراد کے خلاف کارروائی کرنا چاہتا ہے جو بیرون ملک بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دہرے ٹیکسوں سے بچنے اور ٹیکس چوری کی بیخ کنی کا معاہدہ موجود ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک معلومات کا تبادلہ بھی کر سکتے ہیں۔ حکومت جاننا چاہتی ہے کہ بیرون ملک یہ سرمایہ کاری ٹیکس چوری، اغوا برائے تاوان یا لینڈ مافیا کی جانب سے تو نہیں کی جا رہی اور اتنی بڑی رقم کی منتقلی میں ہنڈی حوالہ کا غیر قانونی نیٹ ورک تو شامل نہیں۔