کراچی (کامرس رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپورٹرز کو وعدے کے مطابق سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا نہ کئے جانے کا نوٹس لیا جائے، ایف بی آر کے افسران کو تنبیہ کی جائے اور ان کے صوابدیدی اختیارات کو ختم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بزنس مین محمد راشد ہاشمی اور ان کی اہلیہ شہلا راشد کی جانب سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے یو بی جی کینیڈا کے صدر نوید بخاری کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے سابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی خالدتواب،یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز،نوید بخاری،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،عبدالسمیع خان اوربابرہاشمی نے بھی خطاب کیا جبکہ سینیٹر عبدالحسیب خان، شکیل احمد ڈھینگڑا، فیڈریشن چیمبر کے نائب صدر منظور الحق ملک، مظہر اے ناصر، نور احمد خان، حنیف گوہر، وسیم وہرہ، نقی باڑی، طارق رفیع،عبدالرﺅف تابانی، ناصر الدین شیخ، سمیر میر شیخ، منیر سلطان، فرخ مظہر، راشد احمد صدیقی، سلیم قاسم پٹیل، ندیم کشتی والا، شاہین الیاس، کرنل فاروق، فضل کریم دادا بھائی، فرحان الرحمان، بابر ہاشمی، مسعود نقی، ندیم خان، اولمپئین اصلاح الدین، جوہر علی قندھاری، زبیر چھایا، کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل اور دیگر تاجر وصنعتکار بھی تقریب میں شریک تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے گزشتہ تین انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے ایف پی سی سی آئی میں برائے نام اپوزیشن گروپ کے رہنماءابھی تک مگرمچھ کے آنسو بہانے میں مصروف ہیں اور میرے خلاف ان کے بیانات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے مخالفین تین سال سے متواتر مجھ پر یہ الزام لگارہے ہیں کہ میں نے ٹڈاپ کوذ اتی مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے تو میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے الزام کو سچ ثابت کریں ورنہ بزنس کمیونٹی ان سے بیچ چوراہوں پر حساب لے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹڈاپ میں تین سال کے دوران نہ صرف کرپشن کا خاتمہ کیا بلکہ سال میں100سے زائد تجارتی نمائشوں میںشرکت کی، بزنس کمیونٹی کے مفادات کے مخالف بزنس مین پینل کے رہنماﺅں کے حالیہ بیانات ان کے پست ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن میں بھی ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں یونائٹیڈ بزنس گروپ تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔ گلزار فیروز نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے عہدیدار بزنس کمیونٹی سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے توقعات سے بھی بڑھ کر جدوجہد کررہے ہیں، ایف بی آر نے وعدے کے مطابق ایکسپورٹرز کے ریفنڈز ادا نہیں کئے ہیں اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ ریفنڈز فوری ادا کئے جائیں۔