لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ وہ تاجر دوست پالیسیاں وضع کرے اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائے جس سے نہ صرف ایف بی آر اور تاجر برادری کے درمیان تعلقات مستحکم ہونگے بلکہ ایف بی آر اپنے ریونیو اہداف بھی آسانی سے حاصل کرسکے گا، ٹیکس دہندگان کے اکاﺅنٹس تک رسائی اور از خود ریکوری جیسے اقدامات کاروباری ماحول کو خراب کریں گے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب تب تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک کہ نجی شعبہ اپنا بہترین کردار ادا نہ کرے مگر ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینکس اکاﺅنٹس تک رسائی اور ریکوری جیسے اقدامات نجی شعبے کے لئے مزید مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ ایسے اقدامات سے ٹیکس اہداف کے حصول میں کوئی مدد نہیں ملے گی ، ا±لٹا ایماندار ٹیکس دہندگان مزید بد دل ہونگے جو کسی طرح بھی ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو سمجھنا چاہیے کہ ا±س کے ایسے اقدامات سے حکومت کی ساکھ بھی متاثر ہوگی جو کاروباری ماحول بہتر بنانے کی خواہشمند ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا بہتر یہ ہوگا فیڈرل بورڈ آف ریونیو بینک اکاﺅنٹس تک رسائی حاصل کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لائے ، انڈر انوائسنگ اور سمگلنگ پر قابو پائے کیونکہ ایف بی آر کے قیام کا مقصد تاجروں کے لیے مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ انہیں سہولیات مہیا کرنا ہے۔