جی ایس ٹی سے متعلق ‘ سپریم کورٹ کا حکم نظر انداز‘ پھلوں‘ سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لاہور (خبر نگار) جنرل سیلز ٹیکس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر کیا گیا اضافہ واپس لئے جانے کے باوجود سبزیوں، پھلوں کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا۔ گرمیوں میں پھل اور سبزیاں وافر مقدار میں دستیاب ہونے کے باوجود قیمتوں میں اضافہ صرف جی ایس ٹی اضافے کی وجہ سے ہوا۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ پٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھنے سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں منڈی میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ مہنگی ملنے والی اشیاءسستی کیسے فروخت کریں۔ اتوار بازار میں آنے والے خریدار قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کرتے رہے۔ اے کٹیگری کی قیمت پر بی کٹیگری کے پھل اور سبزیاں فروخت ہوتی رہیں۔ اتوار بازار میں آلو 28 روپے، پیاز ایک روپے اضافے سے 33 روپے، ٹماٹر 19 روپے اضافے سے 60 روپے، لہسن 5 اضافے سے 80 روپے، ادرک 100 روپے، پالک 8 روپے کی مقررہ قیمت کی بجائے 30 روپے، کھیرا 15 روپے کی مقررہ قیمت کی بجائے 30 روپے، ٹینڈے 5 روپے اضافے سے 35 روپے، کریلا 40 روپے، بھنڈی 5 روپے اضافے سے 50 روپے، کدو 15 روپے اضافے سے 40 روپے، سبز مرچ 10 اضافے سے 60 روپے، لیموں 100 روپے کلو فروخت ہوا۔ پھلوں میں خربوزہ 25 روپے کی مقررہ قیمت کی بجائے 50 روپے، تربوز 8 روپے کی مقررہ قیمت کی بجائے 20 روپے، لیچی 115 روپے کلو کی مقررہ قیمت کی بجائے 140 روپے، فالسہ 75 روپے کی مقررہ قیمت کی بجائے 120 روپے کلو، آلوبخارا 100 روپے کلو اور آڑو 120 روپے کلو فروخت ہوا۔

ای پیپر دی نیشن