لاہور (کامرس رپورٹر) پرائم منسٹر انسینٹو پیکیج کے تحت نئے ٹیکس گزاروں اور این ٹی این کے حامل ایسے افراد جو کسی وجہ سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرواسکیں ہوں ،کو آڈٹ اور جرمانے سے چھوٹ حاصل ہوگی۔ یہ بات چیف کمشنر لارج ٹیکس پیئر یونٹ مصطفی اشرف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور ، چیف کمشنر آر ٹی او ون شفقت محمود اور چیف کمشنر آر ٹی او ٹو چودھری صفدر حسین نے خطاب کیا۔ کاشف انور نے پرائم منسٹر ٹیکس انسینٹو سکیم کو تاجر برادری کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔