اسلام آباد (عترت جعفری) ایف بی آر نے تفصیلی آڈٹ کے لئے گوشوارے منتخب کرنے کے بعد ٹیکس گزاروں کو جال سے نکلنے کا راستہ دے دیا ہے۔ ٹیکس گزار ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اور علاقائی سطح پرریویو پینلز کو قائل کرکے جال سے باہر آ سکے گا۔ ممبر ٹیکس پیئرز آڈٹ کی سربراہی میں ریویو پینل میں ممبر انفورسٹمنٹ اور چیف ٹیکس پیئرز آڈٹ ممبر ہوں گے جبکہ علاقائی سطح پر چیف کمشنر آر ٹی او یا ایل ٹی یو کی سربراہی میں ریویو پیبنل بنایا گیا جس میں ایک کمشنر اور متعلقہ چیمبر کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ٹیکس گزار علاقائی پینل میں درخواست دیں گے کہ ان کا گوشوارہ غلط منتخب ہو گیا ہے۔ پینل دلائل کی سماعت کے بعد 15 دن کے اندر اپنی سفارشات بورڈ کو دے گا۔ ریونیو بڑھانے اور ٹیکس کی چوری کو روکنے کے لئے آڈٹ کے استعمال سے احتساب کرنے کے عمل کو شدید زک پہنچے گی اور طاقتور افراد کو جال سے نکل جانے کا موقع ملے گا۔