نواز شریف سے جنرل کیانی کی ملاقات

میاں نواز شریف سے جنرل کیانی کی طویل ملاقات، ملکی مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق۔ ملاقات آرمی چیف کی درخواست پر ہوئی۔ شہباز شریف بھی موجود تھے، آرمی چیف نے جمہوریت کے فروغ کیلئے حمایت اور مدد فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا ملکی سلامتی خطے کی صورتحال پر بریفنگ، آئندہ حکمت عملی پر مشاورت اور فریقین کو اعتماد میں لے کر چلنے کا عزم، ڈرون حملے بند کرنے پر زور۔ ماڈل ٹاﺅن لاہور میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے طویل ملاقات کی اور دونوں رہنماﺅں نے ملک کی موجودہ صورتحال اور عالمی امور پر بات چیت کی ۔چند روز بعد ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والی حکومت کے سربراہ سے آرمی چیف کی یہ ملاقات اس لحاظ سے بھی اہم تھی ہے اس میں دونوں رہنماﺅں کو مستقبل کے حوالے سے ایک دوسرے کے خیالات جاننے کا موقع ملا اور آئندہ پالیسیوں کی تشکیل میں بھی یہ بات چیت بنیادی کردار ادا کرے گی۔ پاک فوج نے جس طرح گزشتہ 5 برس جمہوریت کے پودے کی حفاظت کی اور ہر طرح کے حالات میں ملکی سرحدوں کے ساتھ جمہوریت کی بھی حفاظت کا فریضہ بھی انجام دیا وہ لائق تحسین ہے اور اب آنے والے پانچ برسوں میں بھی اسے اسی ثابت قدمی سے عوام کے نئے مینڈیٹ کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ ملک میں جمہوریت کا سلسلہ جاری رہے اور عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ نئی آنے والی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ سابقہ تلخ باتوں کو فراموش کرتے ہوئے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھے۔ فوج ہو یا کوئی بھی ادارہ یہ سب حکومت کے دست و بازو ہیں اور ان سب کے مل جل کر چلنے سے ہی نظام مملکت بہتر طریقہ سے انجام پاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن