مسلم لیگ ن نثار کو پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر رضامند کرنے میں ناکام

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور اعتزاز احسن کے درمیان ’’سیاسی جنگ‘‘ نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا ہے۔  وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے کر پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے پریس کانفرنس کرنے کی پیشکش کی لیکن وزیراعظم نے اس سے   اتفاق نہیں کیا۔ موجودہ  سیاسی بحران میں دو بار وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ دے چکے ہیں جسے  وزیراعظم نے مسترد کر دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن سے  تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے وفاقی وزیر پر شدید دباؤ ڈالے رکھا وہ بیرسٹر اعتزاز احسن کی تقریر کا ردعمل ظاہر نہ کریں اور اس معاملہ پر مزید کسی نئے تنازعہ میں نہ پڑیں۔ چودھری نثار علی خان نے  یہ اپنا جواب دینے کا حق استعمال کرنے پر اصرار برقرار رکھا۔ بعدازاں ان کی  وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جو تین گھنٹے تک جاری رہی۔ وزیراعظم نے  انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ اب مزید سخت  لہجہ نہ رکھیں تاہم چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا یہ  اصرار جاری رکھا وہ  پریس کانفرنس کر کے حقائق ضرور بیان کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن