لاہور(خبر نگار)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر انتظام شروع ہونے والا شاہی حمام کی بحالی کا منصوبہ مکمل ہوگیا۔15مئی کو شاہی حمام کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ شاہی حمام کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کریں گے ۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے عملی تعاون سے شروع ہونے والے اس منصوبے کی بحالی آغا خان ٹرسٹ فار کلچرکے زیرانتظام کی جا رہی ہے جبکہ مالی معاونت شاہی مملکت ناروے کی ہے۔ شاہی حمام کی بحالی کے لئے سری لنکن ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ مغلیہ سلطنت کے زوال کے بعد لاہورشہر کی بگڑتی بدلتی تاریخ میں شاہی حمام گم ہوکر رہ گیاتھا۔چھتوں اور دیواروں کی چھت میں شاندار پھولوں کی پینٹنگز ہیں۔ برطانوی دور میں اس پر چونا پھیر دیا گیا۔ بعد میں اسے میونسپل کارپوریشن نے اپنی تحویل میں لے کر اسے بچوں کے لیے پرائمری سکول، بچیوں کے لیے دستکاری سکول، ڈسپنسری اور دیگر دفاترکے طور پر استعمال کیا۔