مودی سرکار خون کی پیاسی بن چکی ہے, بلاول؛ بھارتی شرارتیں عالمی امن کیلئے بڑا خطراہ ہیں: عمران
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کنٹرول لائین پر بھارتی اشتعال انگیز فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت اور بھارتی فائرنگ میں پاک افواج کے 7جوانوں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا مودی سرکار خون کی پیاسی بن چکی ہے لیکن پاکستانی عوام اور افواج ملکر اس کے خونی خواب چکنا چور کردیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا پاکستان پیپلزپارٹی اور پوری قوم ان شہدا پر فخر کرتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارتی گولہ باری سے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سرحد پر بھارت کی شرارتیں عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ بھارتی شر انگیزیاں کروڑوں انسانوں کا مستقبل تاریک کر سکتی ہیں، حکومت تذبذب اور بے عملی کا شکار ہے۔ نواز شریف بذات خود قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، بھارت خطے کو جوہری جنگ کی طرف لے جا نے سے گریز کرے۔ صباح نیوزکے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے ہمارے جوانوں کو شہید کیا پاکستان کو بھی بھرپور دفاع کا حق حاصل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر کے ہمارے فوجی جوانوں کو شہید کیا گیا۔ بین الاقوامی برادری اس واقعے کو دیکھے یہ بین الاقوامی سرحدی قوانین کے خلاف کارروائی ہے۔ اس واقعہ کے بعد پاکستان کو بھی بھرپور دفاع کا حق حاصل ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ اس طرح کے واقعات سے خطے کی صورتحال کشیدہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا مغربی دنیا بھی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ اقدامات کو بڑھانا چاہتی ہے تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا سکیں۔