تنخواہوں میں اضافے کے لیے پنجاب میں ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال اکتیسویں روز بھی جاری ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز میں کام بند کر دیا گیا جس کے باعث مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ فیصل آباد اور ملتان میں ایمرجنسی سمیت لیبر رومزمیں بھی کام بند کردیا گیا جبکہ راولپنڈی میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث بے نظیر بھٹوشہید ہسپتال میں مبینہ طور پرعلاج نہ ہونے پر کلرسیداں کی گیارہ سالہ بچی دم توڑ گئی۔ بچی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرزکی عدم موجودگی پر بچی کو علاج معالجے کی سہولت میسر نہ ہو سکی۔ دوسری جانب ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ینگ ڈاکٹروں نے آؤٹ ڈور اور ان ڈورمیں مریضوں کا چیک اپ روکنے کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی، سی سی یو اور آئی سی یو وارڈزمیں بھی طبی سہولیات بند کر دی ہیں۔ فیصل آباد میں الائیڈ اور سول ہسپتال میں بھی مریضوں کو چیک نہیں کیا جا رہا اورمریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث وہ ذہنی اذیت کا شکار ہورہے ہیں۔