لاہور (نامہ نگار) موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں ناکام نظر آئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی مختلف سڑکوں کینال روڈ‘ جیل روڈ‘ مین بلیوارڈ گلبرگ‘ شاہراہ قائداعظم‘ ڈیفنس سمیت دیگر اہم شاہرا¶ں پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میں موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دیئے۔ ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور چھیڑخانی کرنے کی شکایات بھی ملیں جبکہ پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئی۔ پولیس کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔دریں اثناءگلبرگ کے علاقہ میں بی اے کا طالب علم سہیل موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرتے ہوئے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ زخمی ہونے والا نوجوان سہیل گلبرگ تھرڈ کا رہائشی اور والدین کا اکلوتا بیٹا ہے۔
اتوار کو ون ویلروں کا طوفان بدتمیزی‘ ایک گر کر زخمی ‘ پولیس تماشائی بنی رہی
Apr 01, 2013