”ایف بی آر میں ریفارمز کر کے ٹیکس نظام بہتر بنایا جائے“

Apr 01, 2013

اسلام آباد (این این آئی) اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے اگلے مالی سال 2013-14 کے بجٹ میں ریفارم میں جنرل ٹیکس کے نفاذ کو یقینی بنانے اور ملک سے ایس آر او کلچر کے خاتمے کی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ریفامز کر کے ملک میں ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنایا جائے۔ او آئی سی سی آئی نے ایف بی آر کو اگلے مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اگلے مالی سال سے ریفارم جنرل سیلز ٹیکس کا نفاذ کرے اور سیلز ٹیکس کی شرح کو16 فیصد سے کم کر کے 12.5 فیصد کیا جائے۔ بجٹ تجاویز میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ملک سے ایس آر او کلچر کا مکمل خاتمے کیا جائے۔ بجٹ تجاویز میں اگلے پانچ برسوں کےلئے ٹیکس نیٹ میں اضافے اور محاصل کو بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ریفامز کر کے ملک میں ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنائے، کسانوں کو انکم ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ داخل کرانا لازمی قرار دے۔ زرعی آمدنی پر ٹیکس لاگوکر کے حکومتی آمدنی بڑھائی جائی اوراگلے مالی سال کے بجٹ میں ایمنسٹی سکیم کے کلچر کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

مزیدخبریں