اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری کے بعد اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 77پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعداس کی نئی قیمت 102روپے 30پیسے ہوگئی، ہائی سپیڈ ڈیزل 62پیسے سستاکیاگیاجس کے بعداس کی نئی قیمت 108روپے 59 پیسے ہوگئی ۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 50پیسے کمی کی گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 93روپے 28پیسے ہوگئی جبکہ مٹی کاتیل ایک روپے 64پیسے سستاکیاگیااور اس کی نئی قیمت 98روپے 26پیسے ہوگئی۔نئی قیمتوں کااطلاق اتواراورپیرکی درمیانی شب 12بجے سے ہوگیاہے۔ دوسر ی جانب شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کواونٹ کے منہ میں زیرہ کے متراد ف قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاہے جس شرح سے قیمتوں میں اضافہ کیاگیااسی شرح سے کمی بھی کی جائے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں ۔اسلام آبادکے رہائشی منیراحمدنے کہا پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کاعا م شہریوں پرکوئی خاص فرق نہیں پڑے گانہ ہی اس سے کرائے کم ہوں گے ۔ٹیکسی ڈرائیورمحمداشفاق نے کہا جب پٹرول اورڈیزل مہنگاکرنے کی بات آئے تودو،چاراورپانچ روپے سے کم قیمت نہیں بڑھائی جاتی لیکن سستاکرتے وقت پیسوں کے حساب سے کیاجاتاہے ۔انہوں نے قیمتوں میں حالیہ کمی کوناکافی قراردیا۔ دیگر شہریوں نے بھی حالیہ اضافے کوناکافی قراردیتے ہوئے مزیدقیمتیں کم کرنے کامطالبہ کیاہے۔