لاہور+ پنڈی بھٹیاں( اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پی پی 107پنڈی بھٹیاں سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی سید شعیب شاہ نواز کے انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشن کو 60دن میں ضمنی الیکشن کروانے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 107پنڈی بھٹیاں حافظ آباد سے سید شعیب شاہ نواز الیکشن 11مئی 2013ء میں آزاد حیثیت سے 51ہزار 961 ووٹ لے کر مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نگہت انتصار 48ہزار 272ووٹ کو ہرا کر کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی نگہت انتصار بھٹی نے انتخابی دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔ گذشتہ روز الیکشن ٹربیونل نے درخواست دہندہ نگہت انتصار بھٹی کے الزام کو درست قرار دیتے ہوئے سید شعیب شاہ نواز کے الیکشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور الیکشن کمشن کو 60دن میں ضمنی الیکشن کروانے کی ہدایت کی ہے۔ نگہت انتصار بھٹی کے شوہر میاں انتصار حسین بھٹی قبل ازیں پانچ مرتبہ اس حلقے سے رکن پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں۔ سابق ایم پی اے میاں انتصار حسین بھٹی کے حامیوں نے جلوس نکالا، بھنگڑا ڈال۔ علاوہ ازیں مسلم لیگی کارکنوں نے ریلی نکالی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ یاد رہے کہ سید شعیب شاہ نواز آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے موٹر وے انٹرچینج سے دلا بھٹی چوک تک ریلی نکالی۔