لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل سوئمنگ پول کا نوے فیصدتعمیراتی کام مکمل ہوگیا ،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے منصوبے کو کو خادم اعلیٰ کی جانب سے عوام کو تحفہ قرار دے دیا ۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں زیر تعمیر سوئمنگ پول میں بین الاقوامی معیار کا پچاس میٹر اور فور سیزن پچیس میٹر انڈور پریکٹس پول تیار کیا جارہا ہے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے اپنے سٹاف کے ہمراہ سوئمنگ پول کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے معیار کو تسلی بخش قرار دیا۔ ڈی جی سپورٹس کو بتایا گیا کہ لاہور میں بننے والا یہ پول اپنی سہولیات کے حوالے سے پاکستان کا پہلا پول ہے جس میںپورا سال انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقادکیا جاسکتا ہے۔ پول کا فلٹریشن پلانٹ نصب کردیا گیا ہے جبکہ ہیٹنگ پلانٹ بھی امریکہ سے درآمد کرلیا گیا ہے جسے جلد نصب کر دیا جائے گا۔