اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستانی سفیر اور عملے کا محصور پاکستانیوں کو یمن میں چھوڑ کر واپس آنا شرمناک ہے حالانکہ جنگ زدہ علاقے سے محصور شہریوں کو نکالنے کے بعد ہی سفارتی عملہ واپس اپنے ملک آتا ہے۔ منگل کے روز تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے اپنے ایک بیان میں یمن کی صورتحال میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئل ٹرمینل میں کام کرنے والے کو یمن میں سفیر تعینات کیا تھا پاکستانی سفیر اور عملے کے آنے سے اب یمن کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کا سفارتی عملہ شہریوں کو نکالنے کے بعد ملک واپس آتا ہے لیکن ہمارے سفیر اور عملے نے اپنی جان بچانے کے لئے ہزاروں معصوم پاکستانیوں کو یمن میں چھوڑ کر بھاگ آئے ہیں۔