اسلام آباد(آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کرپشن کے باعث معاشرے میں سستی طاری ہوگئی، قوم کرپٹ عناصر کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، ہر شخص اپنا کام محنت اور دیانتداری سے کرے تو اس میں کوئی شک نہیں پاکستان ترقی کی منزلیں تیزی سے طے کرے گا، کامیاب تجارت کے لیے عصری رجحانات کا فہم، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مارکیٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھنا بہت ضروری ہے، منڈیوں تک پاکستانی برآمد کنندگان کی رسائی کی مزید گنجائش موجود ہے، پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی اہمیت میں مزید اضافے کا باعث بنے گی، جب قوموں کی ترقی اور عروج کی راہ ہموار ہونے لگتی ہے تو ان کے راستے میں مختلف قسم کی رکاوٹیں بھی آنے لگتی ہیں، ان رکاوٹوں کا بھرپور ادراک رکھنا ہوگا۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتویں ایکسپورٹ ٹرافی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا کی بہت سے منڈیوں تک پاکستانی برآمد کنندگان کی رسائی ابھی تک نہیں ہوسکی۔ ہماری توجہ عام طور پر روائتی منڈیوں پر رہتی ہے لیکن یورپ اور امریکا کے علاوہ ہمیں مشرق بعید اور وسط ایشیائی ریاستوں کی طر ف بھی توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گزشتہ ڈیڑھ دہائیوں سے ہمارے ہاں چاول کی کوئی نئی قسم پیدا ہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا ہم اپنی زرخیر اور دنیا کا بہترین خوشبودار چاول پیدا کرنے والی زمینوں پر توجہ دیں اور ہمارے زرعی سائنس دان سنجیدگی سے کوشش کریں تو تھوڑے ہی دنوں میں چاول کی کاشت اور اس کی برآمد کے شعبوں میں انقلاب آجائے گا۔
کرپشن کے باعث معاشرے میں سستی طاری ہوئی: صدر ممنون
Apr 01, 2015