لوئر دیر(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں ہر طرف ظلم اور فساد کا راج ہے۔ بدامنی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔ عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کی خاطر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک میں قتل و غارتگری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مسلمانوں کو جنگ کا ایندھن بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ وفاقی حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے۔ حرمین شریفین کی حفاظت تمام مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔ ایک ایٹمی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو سعودی عرب اور یمن کے مابین تنازعہ سمیت امت مسلمہ کے تمام مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ لوئر دیر میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے بے تحاشا قرضے لے کر ملک کو ان کا غلام بنادیا گیا۔ یہ قرضے ملک کی ترقی پر خرچ ہونے کے بجائے حکمرانوں کے اکائونٹس میں چلے گئے اب ہمارا بجٹ وہی بناتے ہیں۔ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ انہی کے حکم پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے غریب غریب تر ہوتا جارہاہے۔ غریب کے بچے علاج اور تعلیم سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور بیرون ملک تعلیم حاصل کر تے ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر یکساں نظام تعلیم رائج کر ے گی جس میں غریب کا بچہ اور حکمرانوں کے بچے ایک ہی سکول میں تعلیم حاصل کریں گے۔ پانچ مہلک بیماریوں جن میں کینسر، دل، تھیلیسمیا، یرقان اور گردوں کا علاج مفت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔ یہاں اسلامی نظام عدل رائج کر کے جرائم کا خاتمہ کریں گے۔ غریب کی عزت بحال کریں گے۔ سراج الحق نے کہاکہ سینٹ کے انتخابات کے موقع پر کروڑوں روپے خرچ کر کے ووٹ خریدے گئے جو پارلیمان کی تاریخ میں ایک شرمناک اور افسوسناک فعل ہے۔ سینٹ میں ووٹ فروخت کرنے والے کس منہ سے جماعت اسلامی پر الزامات لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی کے 95 میں جماعت اسلامی کی مقبولیت اور جیتنے کے آثار دیکھ کر مخالفین کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔ جماعت اسلامی گزشتہ کی طرح اب پھر پی کے 95 میں کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ ساری شیطانی قوتیں پی کے 95میں جماعت اسلامی کے خلاف صف آراء ہونے کیلئے کمربستہ ہیں لیکن آپ لوگوں نے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ دریں اثناء سراج الحق نے گزشتہ روز پاکستان میں یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ سے یمن کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ دوران گفتگو ڈاکٹر اختیار بیگ نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں اسلام آباد میں یمنی سفارتخانہ اور کراچی میں ان کا قونصلیٹ اہم کردار ادا کررہا ہے۔
یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے: سراج الحق
Apr 01, 2015