لاہور/ راولپنڈی/ سرگودھا/ اسلام آباد (نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز+ وقائع نگار+ ایجنسیاں) راولپنڈی، سرگودھا، اٹک اور میانوالی کی جیلوں میں سزائے موت کے منتظر 4 مجرموں کی پھانسی کی سزاؤں پر عملدرآمد کروا دیا گیا اور انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ سانحہ پشاور کے بعد تختہ دار پر لٹکائے جانے والے مجرموں کی تعداد 60 سے زائد ہوگئی جبکہ مزید 5 مجرموں کو پھانسی پر لٹکانے کیلئے تاریخیں مقرر کردی گئی ہیں۔ مجرمان کی پھانسی کے وقت جیلوں کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ منگل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔ راولپنڈی کے رہائشی محمد امین نامی مجرم نے ذاتی رنجش پر ایک شخص کا قتل کردیا تھا۔ امین کو اڈیالہ جیل میں صبح ساڑھے 5 بجے تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ دوسری جانب اٹک جیل میں اغوا برائے تاوان کے مجرم اکرام الحق کو پھانسی دے دی گئی۔ مجرم نے سال 2002ء میں تین سالہ بچی کو اغوا کیا تھا اور رقم ادا نہ کرنے پر بچی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جبکہ مجرم کو رقم کی ادائیگی کے وقت گرفتار کیا گیا تھا۔ ادھر سنٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے 5 مجرموں کی پھانسی کی تاریخیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ جیل حکام کے مطابق محمد اسماعیل اور زمان کو 7 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔ امیر حمزہ کو 8 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔ 2 بھائیوں علی گل اور میرو گل کو 9 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔ پیر کے روز صدر کی جانب سے پانچوں قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد کی گئی تھیں۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق سنٹرل جیل میں دوہرے قتل کے مجرم حیدر حسین شاہ کو صبح ساڑھے 5 بجے پھندے پر لٹکا دیا گیا۔ حیدر حسین شاہ نے غیرت کے نام پر 8 نومبر 2000ء کو اپنے ہی قریبی رشتہ دار سید آغا حسین شاہ، واصف حسین شاہ کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا کی ڈسٹرکٹ جیل میں مجرم ریاض کو صبح ساڑھے 5 بجے تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں کے جرم میں چوا سیدن شاہ کے رہائشی محمد ریاض کو پھانسی دیدی گئی۔ یاد رہے کہ سرگودھا جیل کی 105 سالہ تاریخ میں کسی بھی مجرم کو یہ پہلی پھانسی دی گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے قتل کے مقدمات میں 2 مجرموں کی پھانسی کی سزا پر حکم امتناعی میں 2 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ جسٹس اظہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اڈیالہ جیل میں قید تہرے قتل کے مجرم رئیس احمد اور کوٹ لکھپت جیل میں قیدی دہرے قتل کے مجرم ذوالففقار علی خان کی سزائے موت پر حکم امتناعی میں 2 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت پانے والے مجرم کی پھانسی ایک مرتبہ پھر موخر کر دی گئی۔ یاد رہے کہ مجرم ذوالفقار کی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد اس سے قبل بھی روک دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز دوسری مرتبہ اسکی پھانسی کی سزا کو مئوخر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی ، سرگودھا ، اٹک اور میانوالی میں 4 مجرموں کو پھانسی، 5 کی تاریخیں مقرر
Apr 01, 2015