امریکیوں نے صدراوباما کو امریکہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا

Apr 01, 2015

واشنگٹن (آن لائن) امریکیوں کے نزدیک ان کے اپنے ہی صدر باراک اوباما ملک کے لیے روسی صدر ولادی میر پوٹن سے بھی بڑا خطرہ ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں نے آئی پی ایس او ایس کے تعاون سے ایک سروے کیا جس میں ڈھائی ہزار سے زائد امریکیوں سے ایسے افراد کے بارے میں پوچھا گیا جو اداروں اور ملک کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، اس سروے میں ایک سے پانچ تک کے پیمانے مقرر کیے گئے جس میں ایک نمبر پر بغیر کسی خطرے جب کہ پانچ نمبر پر شدید ترین خطرے والی شخصیت کا نام جانچنے کے لیے کہا گیا۔ اس آن لائن سروے میں 34 فیصد ریپبلکن اراکین نے صدر اوباما کو فوری خطرہ کہا جب کہ صدر پوٹن کو یوکرائن پر حالیہ مہم جوئی کے باوجود 25 فیصد افراد نے خطرناک قرار دیا، سروے میں 23 فیصد لوگوں نے شامی صدر بشارالاسد کو خطرہ قرار دیا جن پر اپنے ہی لوگوں پر کلورین گیس اور بیرل بم گرانے کا الزام ہے۔ آئی پی ایس او ایس سروے میں ایک ہزار سے زائد ڈیموکریٹس اور اتنی ہی تعداد میں ریپبلکنز سے رائے مانگی گئی تو 27 فیصد ریپبلکنز نے ڈیموکریٹس کو خطرہ قرار دیا جب کہ 22 فی صد ڈیموکریٹس نے ریپبلکن جماعت کو واضح خطرہ قراردیا اس کے ساتھ ہی لوگوں نے دہشت گردی کو سب سے بڑا خطرہ قراردیا جس میں داعش کو 58 فیصد افراد نے فوری خطرہ اور 43 فیصد نے القاعدہ کو بڑے خطرے کے طور پر لیا۔

مزیدخبریں