کراچی (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مصطفی کمال نے مجھے سات قتل معاف کرنے کی بات کر کے ثابت کردیا ہے کہ ان کے پاس ڈرائی کلینر مشین ہے، حکومت کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نہیں روکا گیا تو پھر طاقت کے زور پر ریاست کے اندر ریاستیں قائم ہوںگی۔ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 27 مارچ کو لاہور میں دہشت گردی اور اسلام آباد میں چڑھائی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم کمزور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت،آئین ،جمہوریت اور پورے نظام کو چیلنج کیا گیا ایک طرف انتہاپسندی دوسری طرف دہشتگردی عروج پر ہے اس کے خاتمے کی ضروت ہے جس کے لئے عوام کو حق حکمرانی مقامی حکومتوں کو مضبوط اور بااختیار بنانا اور میئر شپ کے الیکشن جلدکرنا ضروری ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ 27مارچ کے واقعات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ملک میں عمل داری دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی ہے۔ لاہور کا سانحہ اور اسلام آباد کا دھرنا اس کا واضح ثبوت ہے جس میں ریاست کی رٹ کو توڑا گیا اور ایک منٹ میں سب کچھ ختم ہو گیا۔ انہوں نے کہاکہ میرپور خاص میں کو ئی وکٹ گرنے والی نہیں ہے۔ میڈیا اپنا چورن اور منجن بیچنا چھوڑ دے تو پھر پتہ چل جائے گا کہ پاکیزہ فلم کتنا بزنس کرتی ہے۔
7 ’’خون معاف‘‘ مصطفیٰ کمال نے ثابت کردیا انکے پاس ڈرائی کلین مشین ہے: فاروق ستار
Apr 01, 2016