کراچی (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل کا سالانہ اجلاس 30مارچ کو حمید ہارون کی صدارت میں اے پی این ایس ہاؤس، کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں سال 2016-17 ء کے لئے مجلس عاملہ کے ارکان کا انتخاب ہوا۔ مجلس عاملہ نے سرمد علی (روزنامہ جنگ کراچی) کو صدر، رمیزہ مجید نظامی (روزنامہ نوائے وقت) کو سینئر نائب صدر، ممتاز اے طاہر (روزنامہ آفتاب لاہور) کو نائب صدر، عمر مجیب شامی (روزنامہ پاکستان لاہور) کو سیکرٹری جنرل، ایس ایم منیر جیلانی (روزنامہ پیغام فیصل آباد) کو جوائنٹ سیکرٹری اور سید علی حسن نقوی (روزنامہ ڈان کراچی) کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا۔ سالانہ اجلاس میں گزشتہ سال کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سالانہ حسابات کی رپورٹ منظور کی گئی۔ جنرل کونسل میں ملک بھر سے آئے ہوئے 150 ارکان نے شرکت کی۔ جنرل کونسل نے حکومت پریس تعلقات، اخباری صنعت کی صورتحال اور رکن مطبوعات کے مسائل کے بارے میں غور کیا۔ جنرل کونسل نے خصوصی قرارداد میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اشتہارات کے اجراء میں حقیقی اخبارات کو نظر انداز کر رہی ہیں اور بجٹ کا بڑا حصہ الیکٹرانک میڈیا کو جاری کیا جارہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ارکان نے اس بات پر زور دیا اشتہاری بجٹ کو علیحدہ طور پر پرنٹ میڈیا کے لیے مختص کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا اشتہارات کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اشتہارات کی تفصیل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ویب سائٹ پر آویزاں کی جانی چاہئے۔ جنرل کونسل نے ایک اور قرارداد کے ذریعہ اعادہ کیا علاقائی کوٹہ پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے اس کوٹہ میں سے اشتہارات دوسرے اخبارات کو جاری نہ کیے جائیں۔ ارکان نے مجلس عاملہ کو ہدایت کی وہ متعلقہ حکام سے اے پی این ایس کے ہر رکن کے لیے کم از کم اشتہاری حجم مختص کرنے کا مطالبہ کریں۔ سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بتایا صوبائی اطلاعات کے محکمے امتیازی سلوک روا رکھتے ہوئے غیر حقیقی اخبارات کو اشتہارات جاری کرتے ہیں جبکہ پرانے اور حقیقی اخبارات کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ جس کے نتیجہ میں اخباری صنعت اپنے صوبوں میں شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ اے پی این ایس کونسل کے مشاہدہ میں یہ بات بھی آئی وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی اشتہاری مہمات کا پرنٹ میڈیا میں حصہ مسلسل کم کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں چھوٹے اور علاقائی اخبارات کی بقاء کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اے پی این ایس کونسل نے اشتہاری نرخ میں اضافہ کے لیے 3سال سے زیرالتواء نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اطلاعات پر زور دیا وہ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بلا تاخیر نوٹیفکیشن جاری کرے۔ جنرل باڈی نے یونس ریاض کو چیف الیکشن کمشنر اور سید حامد حسین عابدی اور علیم احمد کو الیکشن کمشن کا رکن منتخب کیا۔ الیکشن کمیشن نے سال 2016-17 کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے الیکشن منعقد کرائے اور مندرجہ ذیل ارکان بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ راولپنڈی/اسلام آباد روزنامہ نشستیں: روزنامہ اوصاف، اسلام آباد اور روزنامہ صحافت، اسلام آباد۔ بلوچستان روزنامہ نشستیں: روزنامہ عوام، کوئٹہ اور روزنامہ مشرق، کوئٹہ۔ سندھ ماسوائے کراچی روزنامہ نشستیں: روزنامہ کلیم، سکھر اور روزنامہ کاوش، حیدرآباد۔ جرائد نشستیں: ماہنامہ کرن ڈائجسٹ، کراچی، ماہنامہ نئے افق، کراچی، ماہنامہ نیا رخ، کراچی اور ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ، کراچی۔ نیوز اینڈ نیوز کمنٹس جرائد (سندھ/بلوچستان) نشست: پندرہ روزہ عبرت، حیدرآباد جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی سال 2016-17 کے انتخابات کیلئے مندر جہ بالا ارکان کو خفیہ رائے دہی کے تحت منتخب کیا گیا۔ کراچی روزنامہ نشستیں: روزنامہ آغاز، روزنامہ بزنس ریکارڈر، روزنامہ ڈان، روزنامہ دیانت، روزنامہ جرا ت اور روزنامہ قومی اخبار۔ لاہور روزنامہ نشستیں: روزنامہ دنیا، روزنامہ جنگ، روزنامہ خبریں، روزنامہ نوائے وقت، روزنامہ پاکستان اور روزنامہ تجارت۔ خیبر پی کے روزنامہ نشستیں: روزنامہ مشرق او ر روزنامہ وحدت۔ پنجاب ماسوائے لاہور/راولپنڈی/اسلام آباد روزنامہ نشستیں: روزنامہ آفتاب ملتان، روزنامہ بزنس رپورٹ فیصل آباد اور روزنامہ پیغام فیصل آباد۔ جنرل نشستیں میٹروپولیٹن روزنامے: روزنامہ سٹی 42 لاہور اور روزنامہ پاکستان آبزرور اسلام آباد۔ جنرل نشستیں (ریجنل روزنامے): روزنامہ تجارتی رہبر فیصل آباد اور روزنامہ سیادت بہاول پور۔ نیو ز اینڈ نیوزکمنٹس جرائد (پنجاب/خیبر پی کے) نشست: ہفت روزہ عزم /روزنامہ طاقت لاہور۔ نیوز اینڈ نیوز کمنٹس جرائد (جنرل) نشست پر ماہنامہ کرکٹر، کراچی مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر جاوید احمد (روزنامہ اعتماد کوئٹہ) کو انکی اخباری صنعت میں بہترین خدمات انجام دینے پر بطور مستقل اعزازی ممبر منتخب کیا اور ماہنامہ دستک، کراچی کو خواتین ناشرین کی نشست پر نامزد کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اے پی این ایس کے نومنتخب صدر سرمد علی‘ سینئر نائب صدر رمیزہ مجید نظامی‘ جنرل سیکرٹری عمر مجیب شامی اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ تہنیتی پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی اے پی این ایس کے نومنتخب ارکان میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور بہتری لانے کیلئے اپنی بھرپور خدمات سرانجام دیں گے۔ مزیدبراں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اے پی این ایس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور امید کا اظہار کیا ہے کہ اہم میڈیا تنظیم کے عہدیدار ملک میں جمہوری اداروں کی ترقی اور جمہوری روایات کوآگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا معاشرے کی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑنے اور اس کی نشاندہی کرنے پر میڈیا کا بڑا کردار ہے۔
سرمد علی اے پی این ایس کے صدر‘ رمیزہ مجید نظامی سینئر نائب صدر منتخب
Apr 01, 2016