لاہور + گوجرانوالہ (لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیراہتمام پنجاب کے تمام اضلاع کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں 58 فیصد لڑکیوں نے انتہائی اچھے نمبر حاصل کئے اور میدان مار لیا ہے۔ دوسری طرف نئے تعلیمی سال کی جاری کردہ پالیسی کے مطابق تمام سرکاری تعلیمی ادارے 5 اپریل سے باقاعدہ طور پر کلاسوں کا اجرا کرنے کے پابند ہیں جس کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بہاولپور کی بختاور رحمان نے 487 نمبر لے کر پانچویں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایمان فاطمہ نے 492 نمبر لے کر آٹھویں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں نتائج کے مطابق جماعت پنجم میں گورنمنٹ پرائمری سکول سنگوں والی کے عبدالرحمن نے 469 نمبر لیکر اول جامعہ البنات گوجرانوالہ کی وجہیہ بخاری نے 462 نمبر لیکر دوئم اور اسی سکول کی زروا عدیل نے 461 نمبر لیکر سوئم پوزیشن حاصل کی جماعت ہشتم میں وزیر حسن علی پور سکول کی عائشہ اشفاق نے 486 نمبر لیکر پہلی گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول گکھڑ کے محمد حارث اور جامعۃ البنات گوجرانوالہ کی مقدس یاسمین نے برابر 471 نمبر لیکر مشترکہ طور پر دوسری اور وزیر حسن سکول علی پور کی ندہیہ عدنان نے 469 نمبر لیکر سوئم پوزیشن حاصل کی۔