اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے حافظ آباد کی یونین کونسل 8 کولو تارڑ میں بلدیاتی انتخابات میں دوبارہ گنتی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے جس کے بعد وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کے والد افضل تارڑ کی چیئرمین کی رکنیت ختم ہو گئی ہے، عدالتی فیصلے کے بعد محمد مامون تارڑ کی چیئرمین کی رکنیت بحال ہو گئی ہے۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نتائج کے اعلان کے بعد آر اوز کو دوبارہ گنتی کا حکم دینے کا اخیتار نہیں، آر اوز نے افضل تارڑ کو نتائج کے اعلان کے بعد دوبارہ گنتی کرانے کی اجازت دی جو لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ دوبارہ گنتی کے بعد دنوں فریقین ہائی کورٹ گئے جہاں افضل تارڑ کامیاب قرار پائے تھے، بلدیاتی انتخابات میں پہلے مرحلے پر گنتی کے بعد مامون تارڑ کامیاب قرار پائے تھے اور انکو 2888 ووٹ پڑے تھے جبکہ افضل تارڑ کے ان سے 26ووٹ کم تھے تاہم دوبارہ گنتی کے بعد افضل تارڑ 121ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب قرار پائے۔