لکی مروت/ بنوں (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ دی نیشن رپورٹ) لکی مروت کے قریب سرحدی علاقہ سرہ درگہ میں کار میں دھماکے سے 5 افراد مارے گئے۔ کار سرہ درگہ کے علاقہ میں داخل ہو کر کچے راستے میں پھٹ گئی اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ بنوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ سراغ راساں کتوں کے ہمراہ گاڑی کلیئر کرنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ لکی مروت پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کار نامعلوم سمت سے سرہ درگہ کی طرف جا رہی تھی راستہ میں واقع کوٹ کشمیر باچا خان نوے پل کے قریب دھماکہ ہو گیا۔ ابتدائی طور پر یہ بتایا جا رہا ہے دھماکہ بارودی مواد کا تھا جو اسی گاڑی میں موجود تھا۔ دھماکے کے بارے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے انچارج نے بتایا شواہد اکٹھا کرنے کے بعد معلوم ہوگا دھماکہ کس چیز کا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانے والوں کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکہ خیز مواد گاڑی میں موجود تھا یا کسی جگہ نصب کیا گیا تھا۔ نیشن رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکے میں مارے جانے والے پانچوں افراد دہشت گرد ہو سکتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق بم کار میں نصب کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ دھماکے کے بعد کار کے ٹکڑے ارد گرد بکھر گئے، نعشوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔