ممبئی (آئی این پی) بھارتی پنڈتوں کے سب جنتر منتر کالی آندھی نے ہوا میں اڑا دئیے‘ کالی آندھی پر پنڈتوں کا ’’کالا جادو‘‘ نہ چل سکا‘ ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل ایونٹ میں 193 رنز کا ہدف 2 گیندیںقبل حاصل کر کے ٹورنامنٹ کی فیورٹ بھارتی ٹیم کو دھول چٹا دی‘ بھارتی فلمسٹار انیل کپور اور سابق لیجنڈری پلیئر سچن ٹنڈولکر میچ ہارنے پر آبدیدہ ہو گئے‘ گرائونڈ میں سناٹا چھا گیا‘ دھونی کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی‘ بھارتی بائولرز کی جانب سے پھینکی گئی 2 نو بالوں نے میچ کا رخ بدلا‘ دونوں بار لینڈل سیمنز آئوٹ ہوئے مگر نو بال ہونے کے باعث نئی لائف لائن ملی۔ ویرات کوہلی کے 89‘ روہت شرما کے 43اور اجنکا ریحانے کے 40 رنز ‘ ویسٹ انڈیز کے سیموئیل بدری اور آندرے رسل کی ایک ایک وکٹ ‘ بھارت کی جانب سے جیت کیلئے دیا گیا 193 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے 2 گیندیں پہلے لینڈل سیمنز کے 83‘ چارلس کے 52 اور آندرے رسل کے جارحانہ 43 رنز کی بدولت حاصل کر لیا۔ لینڈل سمینز مین آف دی میچ قرار پائے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی۔ روہت شرما اور اجنکا ریحانے نے اننگز کا آغاز کیا۔ 62 کے مجموعی سکور پر روہت شرما 43 رنز بنا کر سیموئیل بدری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی128 رنز پر ملی اور اجنکا ریحانے40 رنز بنا کر رسل کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 192 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی 89 اور کپتان دھونی 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز زیادہ پر اعتماد ثابت نہ ہوا، کرس گیل 6 کے مجموعی سکور پر 5 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان 19 کے مجموعی سکور پر مارلن سیموئیل کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 8 رنز بنا سکے تاہم اس کے بعد چارلس نے لینڈل سیمنز کے ساتھ مل کر جارحانہ ا ور ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔ دونوں نے وکٹ کے چار وں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے۔ اس موقع پر 2 مرتبہ لینڈل سیمنز کیچ آئوٹ ہوئے ایک بار ایشون کی گیند پر اور دوسری بار پانڈیا کی گیند پر مگر دونو ں مرتبہ وہ خوش قسمت رہے اور گیندیں نو بال قرار دی گئیں۔ بھارت کو تیسری کامیابی 116 کے مجموعی سکور پر ملی جب ویرات کوہلی کی گیند پر اوپنر چارلس 52 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ اس موقع پر آندرے رسل نے آتے ہی بھارتی بائولرز پر بجلیاں گرا دیں اور گرائونڈ میں چوکے ا ور چھکوں کی بارش کر دی۔ ویسٹ انڈیز نے بھارت کی طرف سے جیت کیلئے دیا گیا 193 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلنے والے لینڈل سمنز 83 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ آندرے رسل نے بھی 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ میچ کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے پلیئرز نے اپنا روایتی گینگ نیم ڈانس بھی کیا۔
ممبئی(سپورٹس ڈیسک ) بھارت میں جاری ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ویسٹ انڈین خواتین نے پہلے کھیلتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر 143رنز بنائے ۔کپتان سٹیفنی ٹیلر 25‘ایچ میتھیوز16‘بی کوپر 61‘ڈوتن20‘ایس کنگ چار‘ایس کیمبل صفر پر آئوٹ ہوئیں ۔وکٹ کیپر آگوئیلیرا 15رنز پر ناقابل شکست رہیں ۔ایس ڈیوائن نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر137رنز بناسکی ۔سوزی بیٹس بارہ ‘پریسٹ چھ‘ایس ڈیوائن بائیس‘مکگلیشن 38‘سٹر تھ ویٹ چوبیس‘پرکنز دو‘کاسپرک چھ‘برمنگھم آٹھ رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔مارٹن گیارہ رنز پرناقابل شکست رہیں ۔سٹیفنی ٹیلر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بی کوپر کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ویمنز ایونٹ کا فائنل تین مارچ کو آسٹریلیاور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان سہ پہر دو بجے کھیلا جائے گا۔
بھارتی سورما گھر میں ڈھیر‘ ویسٹ انڈیز روند کر ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا
Apr 01, 2016