دہشت گردی مشترکہ مسئلہ ہے‘ مل کر نمٹنا ہو گا: شہباز شریف‘ پاکستان کیساتھ ہیں: برطانوی ہائی کمشنر

Apr 01, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے ۔دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پوری پاکستانی قوم ایک بار پھر یکجا اور متحد ہو چکی ہے۔ دہشت گردی اقوام عالم کامشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ قائداعظم کے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنرتھامس ڈریونے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور اس کے عوام کیساتھ ہیںاور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف ساہیوال کے نواحی گاؤں چک نمبر 86/6-R میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالی دو خواتین کے گھر گئے اورغمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ دھماکے میں اس گاؤںکی 55 سالہ سکینہ بی بی اور 2 سالہ جویریہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں۔ سکینہ بی بی کے خاوند محمد حسین کا پہلے ہی انتقال ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق خواتین کے لواحقین کو امدادی چیک دئیے اور اس خاندان کے دو بیمار بچوں اور ایک بزرگ خاتون کے مفت علاج معالجہ کا اعلان کیا۔ لواحقین سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے کئی گھرانوں کے پیاروں کو جدا کیا ہے۔ دہشت گردوں نے قوم کی بیٹیوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹوںکو بربریت کا نشانہ بنایا ہے، انہیں معصوم انسانوں پر کیے گئے ظلم کا حساب دینا ہوگا۔ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے درندے اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے۔ اس سانحہ نے ایک بار پھر پاکستانی قوم کے انسداد دہشت گردی کے عزم کو مزید پختہ کیا ہے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنا کرپاک دھرتی کا قرض چکائیں گے۔آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے درندوں کا آخری ٹھکانے تک پیچھا کیا جائے گا۔ دہشت گردی اورانتہاء پسندی پاکستان کا مقدر نہیں۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اورانشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔

مزیدخبریں